مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ خلیل الحیہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے سے متعلق مذاکرات کے لیے مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچنے والے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حماس کے ایک ذریعے نے بتایا کہ خلیل الحیہ کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد مصر کے جنرل انٹیلی جنس سروس کے سربراہ حسن رشاد سے ملاقات کرے گا۔
ملاقات میں فلسطینی مسئلے سے متعلق مختلف امور، بالخصوص غزہ میں جنگ بندی معاہدے کو مستحکم کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
حماس کے وفد میں تحریک کی شوری کونسل کے سربراہ محمد درویش، بیرون ملک حماس کے سربراہ خالد مشعل، مغربی کنارے کے امور کے ذمہ دار ظاہر جبارین اور عرب و اسلامی تعلقات کے دفتر کے سربراہ باسم نعیم بھی شامل ہیں۔
قاہرہ میں ہونے والی یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب غزہ میں جنگ بندی کو برقرار رکھنے اور اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے علاقائی سطح پر سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
آپ کا تبصرہ